Tuesday, May 14, 2024

خواجہ آصف کیس ، ایمیکو کے مینجنگ ڈائریکٹر ایلس شیلوم نیب لاہور میں پیش نہیں ہوئے

خواجہ آصف کیس ، ایمیکو کے مینجنگ ڈائریکٹر ایلس شیلوم نیب لاہور میں پیش نہیں ہوئے
January 29, 2021

لاہور (92 نیوز) خواجہ آصف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں دبئی کمپنی ایمیکو کے مینجنگ ڈائریکٹر ایلس شیلوم کو 28 جنوری کو طلب کیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔

 اس سے قبل بھی ایلس شیلوم کو خواجہ آصف کی وساطت سے 8 اکتوبر کو طلب کیا گیا تھا مگر وہ پیش نہیں ہوئے۔

نیب نوٹس میں ایلس شیلوم سے کہا گیا تھا کہ وہ خواجہ آصف کی مبینہ ملازمت کا کمپنی ریکارڈ لے کر حاضر ہوں۔ ایلس شیلوم سے خواجہ آصف کی مبینہ ملازمت کی نوعیت اور تمام خدمات کے دستاویزی ثبوت مانگے گئے تھے۔ اقامہ ایگرمنٹ کے مطابق خواجہ آصف نے ہفتہ میں چھ دن دفتر حاضر ہونا تھا۔

نوٹس میں نیب نے ایلس شیلوم سے سوال کیا تھا کہ خواجہ آصف عرصہ ملازمت ( 2004 تا 2018 ) پاکستان میں تھے ، وضاحت کریں۔ سوال تھا کہ دبئی لیبر قوانین کے تحت تنخواہ کی ادائیگی بذریعہ بینکنگ چینل کرنا لازم ہے ، کیا تنخواہ بذریعہ بینک اکاؤنٹ ادا کی گئی؟