Sunday, May 19, 2024

خواجہ آصف نے لیگی ریلی کے ائیرپورٹ نہ پہنچنے کا پول کھول دیا

خواجہ آصف نے لیگی ریلی کے ائیرپورٹ نہ پہنچنے کا پول کھول دیا
July 17, 2018
لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے لیگی ورکرز کو ہی ماموں بنا دیا ۔ نواز شریف کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ جانے کی کال دے کر سارا دن کارکنوں کو لاہور کی سڑکوں پر گھماتے رہے ۔ خواجہ آصف نے ریلی کے ائیرپورٹ نہ پہنچنے کا پول کھول دیا ۔ شہبازشریف، حمزہ شہباز اور دیگر رہنما خود تو ایئرکنڈیشنڈ گاڑیوں میں مزے کرتے رہے جبکہ کارکن چلچلاتی دھوپ میں سڑکوں پر دھکے کھاتے رہے ۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی واپسی پرنکالی جانے والی ریلی کے ایئرپورٹ نہ جانے کا فیصلہ دو روز قبل ہی ہو گیا تھا۔ طے ہوا تھا کہ ریلی جوڑے پل سے آگے نہیں جائے گی ۔ سارا دن سڑکوں کی خاک چھاننے کے بعد جیسے ہی نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری اور اسلام آباد منتقلی کی خبر آئی ۔ شہباز شریف نے ریلی ختم کرنے کا اعلان کیا اور کارکنوں کو سڑکوں پر بے یارو مددگار چھوڑ کر خود گھر چلے گئے ۔ بعد میں سابق وزیر اعلیٰ نے ریلی کے ایئرپورٹ نہ پہنچنے کا الزام ضلعی انتظامیہ پر لگا دیا۔