Thursday, April 25, 2024

خواتین کے عالمی دن سے بے خبر،ضروریات زندگی کو ترستی فاٹاکی خواتین

خواتین کے عالمی دن سے بے خبر،ضروریات زندگی کو ترستی فاٹاکی خواتین
March 8, 2015
فاٹا(ویب ڈیسک)پاکستان کے قبائلی علاقوں کی خواتین اپنے عالمی دن کے موقع پر حقوق سے آگاہ تو کیا زندگی کی بنیادی ضروریات سے بھی محروم ہیں۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر فاٹا کی جنگ زدہ خواتین کی حالت زار ایک بڑا المیہ ہے۔ فاٹا کی موجودہ صورتحال میں خواتین کی بہت کم تعداد ایسی ہے جن کو شاید زندگی کی بنیادی ضروریات میسر ہیں، جو اپنے حقوق سے آگاہ ہیں اور جن کو ان کے حقوق کسی حد تک دئیے بھی جارہے ہیں لیکن فاٹا کی ان خواتین کو شدید کرب اور تکلیف دہ زندگی کا سامنا ہے جوآپریشن کی وجہ سے نقل مکانی پر مجبور ہوئیں۔ جب ہم بات کریں شمالی وزیرستان کی خواتین کی تو ان کو نقل مکانی کے بعد خوشی کا کوئی لمحہ میسر نہیں آیا، عید جیسے بڑےتہواروں پر بھی شمالی وزیرستان کی خواتین مہندی کے رنگ اور چوڑیوں کی کھنک سے محروم رہیں۔ باجوڑ، مہمند، اورکزئی، کرم ایجنسی، جنوبی وزیرستان اور خیبرایجنسی کی خواتین کی صورتحال بھی شمالی وزیرستان کی خواتین سے مختلف نہیں، دنیا بھر میں آج کے دن جہاں خواتین کے حقوق کی بات کی جاتی ہے، فاٹا کی جنگ زدہ خواتین نفسیاتی مسائل کا سامنا کررہی ہیں، گھر سے دور اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے فکر مند یہ خواتین آ ج اقوام عالم سے یہ سوال کر رہی ہیں کہ دنیاکو محفوظ کرنے کے لئے قربانی دینے والوں کے حقوق کا حقیقی تحفظ کب یقینی بنایا جائے گا ؟ وہ فوری واپسی چاہتی ہیں تاکہ ان کی زندگی پھر سے رواں دواں ہو، دنیا خواتین کا عالمی دن مناتی رہے، ان کو فکر ہے تو اپنے مستقبل کا ۔