Friday, April 19, 2024

خواتین کیخلاف تشدد کا عالمی دن ، دنیا بھر میں خواتین کے مظاہرے ‏

خواتین کیخلاف تشدد کا عالمی دن ، دنیا بھر میں خواتین کے مظاہرے ‏
November 26, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) خواتین کیخلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر دنیا بھر میں خواتین نے احتجاجی مظاہرے ،  اسپین، سوئٹزرلینڈ، ارجنٹائن اور چلی میں ہزاروں خواتین سڑکوں پر آگئی، ترکی اور میکسیکو میں خواتین نے سکیورٹی  اہلکاروں کے ساتھ تصادم بھی کیا۔ اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکلےاور خواتین پر تشدد کے خلاف احتجاج کیا ، اسپین میں 2003 سے اب تک 1024 خواتین اپنے ساتھی مردوں کے ہاتھوں قتل ہو چکی ہیں۔ رواں سال میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 52 ہے۔ سوئٹزر لینڈز کے شہر جنیوا میں مظاہرین نے جن میں بڑی تعداد عورتوں کی تھی، خواتین پر تشدد کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی ، مظاہرین نے ایک دائرے میں خواتین کے 25 جوتوں کے جوڑے، موم بتیوں کے ساتھ رکھے ہوئے تھے جن کا مقصد ہر سال تشدد کے ہلاک ہونے والی خواتین کی تعداد بتانا تھا۔ چلی کے دارالحکومت سینتیاگو میں بھی خواتین مظاہرین سڑکوں پر نکل آئی اور صدارتی محل کی طرف مارچ کیا ،  خواتین نے بینر اٹھا رکھے تھے اور وہ مردانہ شاؤنزم کے خلاف نعرے لگاتی رہیں۔ ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں بھی خواتین سڑکوں پر نکلی اور عورتوں پر تشدد کے خلاف احتجاج کیا۔ دوسری جانب ترکی اور میکسیکو میں خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر ہونے والے مظاہرے پولیس کے ساتھ تصادم میں تبدیل ہو گئے۔ استنبول میں خواتین نے اپنے مارچ کا آغاز کیا ہی تھا کہ پولیس نے انہیں روک دیا اور آگے نہیں جانے دیا۔ پولیس نے خواتین کو منتشر کرنے کے لیے مرچوں والے سپرے کا استعمال کیا ، میکسیکو میں ہونے والے مظاہرے میں خواتین کے ایک گروہ نے عمارتوں کو آگ لگانے کی کوشش کی جسے پولیس والوں نے بجھایا۔