Thursday, April 25, 2024

خواتین کو ہر شعبے میں یکساں مواقعوں کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، صدر، وزیراعظم

خواتین کو ہر شعبے میں یکساں مواقعوں کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، صدر، وزیراعظم
March 8, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ خواتین کو ہر شعبے میں یکساں مواقعوں کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ٹوئٹ پیغام میں کہا عورت کی طاقت تلوار اور قلم سے زیادہ ہے۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ریاست اور عوام، خواتین کے لیے اس بات کو یقینی بنائیں کہ تعلیم، صحت اور نوکریوں میں یکساں مواقع ہوں۔ ہر شعبے میں شموليت یقینی ہو، وراثت کو یقینی بنائیں۔ تمام مقامات محفوظ ہوں، ہراساں اور تشدد کہیں نہ ہو۔ وزیراعظم عمران خان نے خواتین کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ یہ دن خواتین کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کرنے کی کوششوں اور عزم کی یاد دلاتا ہے، خواتین کو حقوق اور یکساں مواقع فراہم کرنے میں ہمارے مذہب نے رہنمائی کی ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ آلہ وسلم کی سیرت اور معاشرتی اقدار سے ہمیں رہنمائی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یقین ہے پائیدار سماجی و معاشی ترقی کا عمل خواتین کو برابر کے مواقع فراہم کرسکتا ہے، ہم ہر وہ قدم اٹھائیں گے جس سے ہماری خواتین محفوظ اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔ ہماری خواتین ہر شعبے میں قومی اور عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کررہی ہیں جو خوش آئند ہے۔