Friday, March 29, 2024

خواتین کو طاقتور اور فعال بنانا نئے پاکستان کا مشن ہے ، فردوس عاشق اعوان ‏

خواتین کو طاقتور اور فعال بنانا نئے پاکستان کا مشن ہے ، فردوس عاشق اعوان ‏
December 4, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ خواتین کو طاقتور اور فعال بنانا نئے پاکستان کا مشن ہے۔ اپنے ٹویٹ پیغام میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ   انفورسمنٹ آف ویمن پراپرٹی رائٹس آرڈیننس میں ترمیم کی کابینہ سے توثیق وزیراعظم عمران خان کے خواتین کو بااختیار اور جائیداد میں حصہ دار بنانے کے عزم کی تکمیل کی جانب ایک عملی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ  خواتین کو طاقتور اور معاشرے میں ان کے فعال کردار کو یقینی بنانا نئے پاکستان کا مشن ہے ، ‏خواتین کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے قانون سازی وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان میں نئے دور کا آغاز ہے۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی  نے کہا کہ یہ اقدام  خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب اہم پیشرفت ہے ، وزیراعظم عمران خان لیٹرآف ایڈمنسٹریشن اینڈ سکسیشن سرٹیفکیٹس  آرڈیننس 2019 کا چھ دسمبرکو باقاعدہ نفاذ کرنے جارہے ہیں۔یہ قانون ملکی تاریخ میں حق وراثت کے تعین میں سنگِ میل ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ دہائیوں سے زیرسماعت مقدمات دنوں میں نمٹیں گے۔