Monday, April 22, 2024

خواتین اسمگلنگ کیس،ڈی جی ایف آئی اے کو تبدیل کرنے کی خبروں پر عدالت کااظہار تشویش

خواتین اسمگلنگ کیس،ڈی جی ایف آئی اے کو تبدیل کرنے کی خبروں پر عدالت کااظہار تشویش
July 4, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) سپریم کورٹ میں خواتین کی اسمگلنگ سےمتعلق کیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے کوتبدیل کرنیکی خبروں پراظہارتشویش کیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ڈی جی ایف آئی اےکوتبدیل کیا گیا تویہ حکم کی خلاف ورزی ہوگی  ، این آئی سی ایل کیس کا ملزم محسن وڑائچ لندن کیسےپہنچ گیا؟۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے اہم معاملات کی تحقیقات کررہے ہیں ، اگر انہیں تبدیل کیاگیا تو یہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہوگی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ معاملے سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود محسن وڑائچ لندن کیسے پہنچ گیا؟۔عدالت نے محسن وڑائچ کا نام ای سی ایل میں ڈالا تھا۔ ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق وہ لندن نہیں گئے  ، مغوی خاتون کی بازیابی کے لیے مزید وقت دیا جائے،مغوی خاتون شادیوں کے کاروبار میں ملوث تھی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ لگتا ہے معاملہ یوں ہی غیر معینہ مدت تک لٹکا رہے گا ، عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے کو مغوی خاتون بازیاب کرانے کی کوششیں جاری رکھنے کا حکم دیدیا۔