Sunday, September 8, 2024

خلیجی ممالک‘ یورپ‘ امریکا میں آج عید‘ بھارت اور بنگلہ دیش میں کل منائی جائیگی

خلیجی ممالک‘ یورپ‘ امریکا میں آج عید‘ بھارت اور بنگلہ دیش میں کل منائی جائیگی
July 6, 2016
لاہور (92نیوز) دنیا بھر میں مسلمان عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے سے منارہے ہیں۔ سب سے بڑا عید کا اجتماع مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں ہوا۔ خلیجی ممالک‘ ملائیشیا‘ انڈونیشیا‘ متعدد یورپی ممالک‘ امریکا اور کینیڈا میں بھی مسلمانوں نے آج عید کی نماز ادا کی اور عالم اسلام کے لیے خیروبرکت مانگی۔ بھارت اور بنگلہ دیش میں کل عیدالفطر منائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں روح پرور نظارے دیکھنے کو ملے جہاں عیدالفطر کا سب سے بڑا اجتماع ہوا۔ عید الفطر کے موقع پر مسجد نبوی میں عاشقان مصطفی کی طرف سے باآواز بلند درود شریف کا نذرانہ پیش کیا گیا۔ نائیجریا کے صدر محمد بہاری‘ انڈونیشیا کے گورنر‘ حاکم دبئی کے بھتیجے سمیت درجنوں فرزندان اسلام نے مسجد نبوی میں قدمین شریف کی طرف نماز عید ادا کی۔ خلیجی ممالک ‘ ملائیشیا‘ انڈونیشیا میں بھی مسلمانان اسلام نے نماز عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے سے ادا کی۔ یورپ کے متعدد ممالک میں بھی آج عید منائی جا رہی ہے۔ امریکا اور کینیڈا میں بھی عید کے اجتماعات ہوئے جس میں مسلمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس دوران سکیورٹی کے خاص انتظامات کیے گئے تھے۔ دنیا بھر کے مسلمانوں نے نماز عیدکے بعد عالم اسلام اور دنیا کے امن وسلامتی کے لیے دعائیں کیں۔