Sunday, September 8, 2024

خلائی دنیا میں بڑی پیشرفت‘ ناسا کے جہاز نے مشتری کے مدار میں قدم رکھ دیا

خلائی دنیا میں بڑی پیشرفت‘ ناسا کے جہاز نے مشتری کے مدار میں قدم رکھ دیا
July 5, 2016
واشنگٹن (92نیوز) ناسا کا خلائی جہاز ”جونو‘ ‘ مشتری کے مطلوبہ مدار میں داخل ہو گیا ہے۔ مطلوبہ مدار میں داخل ہونے پر ماہرین نے ناسا کنڑول روم میں جشن منایا۔ ایک ارب دس کروڑ ڈالر کی لاگت سے بننے والا جہاز ”جونو“ مشتری کے بادلوں کے پانچ ہزار کلومیٹر اوپر اڑتے ہوئے ڈیٹا اکٹھا کرے گا اور اس کے 9 آلات مشتری کی شاندار قطبی روشنیوں کے پار جھانکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق خلائی جہاز ”جونو“ جمعرات کو نظامِ شمسی کے سب سے بڑے سیارے کی کشش ثقل کی زد میں آ کر اس کے گرد مدار میں داخل ہو جائے گا۔ اس مقصد کے لیے جہاز کو رفتار کم کرنے کے لیے بالکل درست وقت پر بالکل درست طریقے سے بریک لگانا ہو گی۔ اگر یہ مشن کامیاب رہا تو ”جونو“ اگلے ڈیڑھ برس تک مشتری کے گھنے بادلوں کے آرپار جھانک کر نیچے کے حالات کا پتہ چلانے کی کوشش کرے گا۔ اگر جہاز کا انجن بروقت اور مناسب حد تک رفتار کم کرنے میں ناکام رہا تو ایک ارب دس کروڑ ڈالر لاگت والا جہاز ”جونو“ مشتری کے قریب سے سیدھا آگے گزر کر خلا کی اتھاہ وسعت میں کھو جائے گا۔ ناسا کے ماہرین نے ”جونو“ کا مدار اس طرح سے وضع کیا ہے کہ اسے مشتری کے گرد خطرناک ترین خطوں سے نہ گزرنا پڑے۔ جونو مشتری کے بادلوں کے پانچ ہزار کلومیٹر اوپر اڑتے ہوئے ڈیٹا اکٹھا کرے گا اور اس کے 9 آلات مشتری کی شاندار قطبی روشنیوں کے پار جھانکیں گے۔ اس کے علاوہ کشش ثقل ماپنے والے حساس آلات اس بات کا سراغ لگائیں گے کہ آیا اس سیارے کا کوئی ٹھوس مرکز ہے یا نہیں۔ یہ مشن فروری دوہزار اٹھارہ تک جاری رہے گا جس کے بعد جونو مشتری کی فضا کے اندر غوطہ لگا کر ختم ہو جائے گا۔