Friday, March 29, 2024

خلائی جہاز کسینی کی سیارہ زحل کے چاند این سیلاڈس کے انتہائی قریب پرواز، برف، پانی اور نامیاتی مالیکیولز کی موجودگی کا انکشاف

خلائی جہاز کسینی کی سیارہ زحل کے چاند این سیلاڈس کے انتہائی قریب پرواز، برف، پانی اور نامیاتی مالیکیولز کی موجودگی کا انکشاف
October 28, 2015
واشنگٹن (ویب ڈیسک) ناسا کے خلائی جہاز کسینی نے سیارہ زحل کے چاند این سیلاڈس کے انتہائی قریب پرواز کی، اس چھوٹے چاند کی سطح پر برف، پانی اور نامیاتی مالیکیولز کی موجودگی کا انکشاف کیا گیا ہے۔ خلائی جہاز کسینی نے تیس میل کی دوری سے زحل کے چاند کی ویڈیو بنائی۔ ناسا کا کہنا ہے کہ این سیلاڈس چاند کے اس مشاہدے کے بعد چاند پر ہونے والی ہائیڈرو تھرمل تبدیلیوں کے حوالے سے تحقیق میں مدد ملے گی اور چاند پر موجود حرارت اور پانی کی موجودگی سے زندگی کے آثار ملتے ہیں۔ خلائی جہاز کسینی چاند کی سطح پر مالیکیولر ہائیڈروجن کی موجودگی کا بھی پتہ چلائے گا۔ ناسا کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ این سیلاڈس پر کشش ثقل کو ماپنے کے بعد چاند کی جنوبی سطح کے نیچے سمندر کی موجودگی کا امکان ہے جو چاند کی چٹانی اور برفیلی سطح کے درمیان پھنسا ہوا ہے۔ این سیلاڈس سے اٹھنے والا دھواں اس کی سطح پر پائے جانے والے پانی اور چٹانوں کی تہہ میں موجود کیمیائی اجزا کا ملاپ ہو سکتا ہے۔ اس چاند پر زندگی گزارنا مشکل ہے کیونکہ اس کے لیے ایک اندرونی حرارت کا نظام درکار ہے۔ زحل کا یہ چاند سورج سے انتہائی دور ہونے کی وجہ سے بہت سرد ہے۔