Saturday, April 27, 2024

خطے کے اہم امور میں پاکستان اِن، بھارت آؤٹ ہورہا ہے ،ٹائمز آف انڈیا

خطے کے اہم امور میں پاکستان اِن، بھارت آؤٹ ہورہا ہے ،ٹائمز آف انڈیا
July 16, 2019
نئی دہلی ( 92 نیوز) افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار پر بھارتی میڈیا تلملا اٹھا ، ٹائمز آف انڈیا کا کہناہے خطے میں پاکستان کی سیاسی اور جغرافیائی حیثیت مستحکم ہورہی ہے ۔ پاکستان میں دہشت گردی کیلئے افغانستان میں بھاری سرمایہ کاری کرنے والے بھارت کو منہ کی کھانا پڑی،پاکستان کی اہمیت کو خود بھارتی اخبار نے تسلیم کرلیا، ٹائمز آف انڈیا نے تفصیلی مضمون میں لکھا کہ بھارت افغان امن عمل سے باہر ہوگیا۔ بھارتی اخبار نے لکھا افغانستان کے امن مذاکرات میں بھارت کی کوئی اہمیت ہے نہ ہی کوئی اس کی بات سن رہا ہے،افغان صدارتی الیکشن کے التوا کے مخالف بھارت کو اس وقت منہ کی کھانا پڑی جب امریکی سفیر نے طالبان سے مذاکرات مکمل ہونے تک انتخاب موخر کرنے کی حمایت کی۔ بھارت نے افغانستان میں عبوری حکومت کے قیام کی بھی مخالفت کی تھی، اس حوالے سے زلمے خلیل زاد اور روس سے تحفظات کا اظہار کیا۔ بھارتی اخبار نے مزید لکھا پاکستان نے اپنا ناگزیر ہونا ثابت کردیا ہے، چین،سعودی عرب،متحدہ عرب امارات سے بہترین تعلقات ہیں جبکہ ٹرمپ اور عمران کی ملاقات بھی پاکستان کی بہترین سفارتکاری کا نمونہ ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ پاکستان  ،امریکا ، روس اور چائنہ کے ساتھ مل کر طالبان کیساتھ امن عمل میں پیش پیش ہے  جبکہ بھارت کو اس معاملے میں کوئی لفٹ نہیں کرائی گئی ۔ اخبار کے مطابق ایسے حالات میں بھارت  کا افغانستان میں کوئی مستقبل نہیں ، جب کہ پاکستان خطے کے اہم امور میں مرکزی اہمیت اختیار کرتا جارہا ہے ۔