Saturday, May 11, 2024

خطے کا سب سے بڑا مسئلہ کشمیر ہے، جو بات چیت سے حل ہو سکتا ہے ، وزیراعظم

خطے کا سب سے بڑا مسئلہ کشمیر ہے، جو بات چیت سے حل ہو سکتا ہے ، وزیراعظم
February 24, 2021

کولمبو (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا خطے کا سب سے بڑا مسئلہ کشمیر ہے، جو بات چیت سے حل ہوسکتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کولمبو میں ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب میں کہا تنازعات اور جنگ مسائل کا حل نہیں ۔ بھارت سے کاروبار بڑھانے اور کشیدگی کم کرنے کیلئے رابطہ کیا لیکن کامیاب نہیں ہو سکے۔ خطے میں عوام کو غربت سے نکالنے کیلئے تجارتی تعاون ناگزیر ہے۔ پاکستان چین اورامریکا کے درمیان بڑھتی خلیج میں کردار ادا کرسکتا ہے۔ یورپی یونین کی طرز پر خطے میں تجارتی تعلقات استوار کرنا ہوں گے۔ وزیراعظم نے سری لنکا کی بزنس کمیونٹی کو سی پیک میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا سی پیک کے باعث خطے میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔ خطے میں بدلتی صورتحال کے مطابق دوطرفہ تعاون ناگزیر ہے۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ سری لنکا کے سرمایہ کار گوادر سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ سری لنکن وزیر کامرس نے کہا کہ دونوں ملکوں میں سرمایہ کاری بڑھانا ہو گی۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کی سری لنکن صدر گوٹابایا راجہ پکسے سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔