Friday, April 19, 2024

خطے میں دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے آئی ایس آئی اور افغان خفیہ ایجنسی کے درمیان معاہدہ ہوا: افغان میڈیا کا دعویٰ

خطے میں دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے آئی ایس آئی اور افغان خفیہ ایجنسی کے درمیان معاہدہ ہوا: افغان میڈیا کا دعویٰ
May 18, 2015
لاہور (92نیوز) خطے میں دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے آئی ایس آئی اور افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس نے ایک ایم او یو پر دستخط کئے ہیں جبکہ افغان پارلیمنٹ میں بھارت نواز لابی نے معاہدے کی تفصیلات پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ افغان میڈیا کے مطابق آئی ایس آئی اور افغانستان کی این ڈی ایس نے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے مل کر کام کرنے کیلئے ایک ایم او یو پر دستخط کئے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت آئی ایس آئی این ڈی ایس کے اہلکاروں کو تربیت دے گی اور انہیں آلات مہیا کرے گی اور دونوں ادارے دہشت گردی کے مرتکب افراد کے خلاف تحقیقات میں ایک دوسرے کی مدد کریں گے۔ افغان میڈیا کے مطابق معاہدے پر دستخط چند دن پہلے کئے گئے۔ افغان صدر اشرف غنی کے ترجمان اجمل عابدی نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کوئی نئی بات نہیں، ماضی میں بھی دونوں اداروں کے درمیان ایسے معاہدے ہوئے لیکن اب اس ایم او یو میں دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑنے پر توجہ دی گئی ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق سابق افغان حکومت کے عہدیداروں نے ماضی میں ایسے معاہدوں کی موجودگی سے انکار کیا۔ دوسری طرف افغان پارلیمنٹ کے اجلاس میں بھارت نواز سیاستدانوں نے آئی ایس آئی کے ساتھ ایم او یو کی تفصیلات پر این ڈی ایس سے بریفنگ کا مطالبہ کیا لیکن اس مطالبے کو زیادہ اہمیت نہیں دی گئی۔