Tuesday, April 16, 2024

خطرناک کورونا دنیا بھر میں 9 لاکھ 50 ہزار زندگیاں نگل گیا

خطرناک کورونا دنیا بھر میں 9 لاکھ 50 ہزار زندگیاں نگل گیا
September 18, 2020
 نیو دہلی (92 نیوز) خطرناک کورونا دنیا بھر میں 9 لاکھ 50 ہزار زندگیاں نگل گیا۔ وائرس سے متاثرین کی تعداد 3 کروڑ 3 لاکھ سے بڑھ گئی۔ دنیا کے اکثر و بیشتر ممالک میں کورونا وائرس کا زور ٹوٹ چکا لیکن  بھارت اور امریکا اب بھی مہلک وائرس کی آماجگاہ بنے ہوئے ہیں جبکہ یورپ میں عالمی وبا دوبارہ سر اٹھانے لگی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بھارت میں ایک مرتبہ پھر دنیا میں سب سے زیادہ کورونا متاثرین اور ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔ ایک روز میں 1174 مریض ہلاک ہوئے، جبکہ تقریباً 97 ہزار نئے مریضوں کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔ بھارت میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 52 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ 84 ہزار سے زائد مریض مہلک وبا کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ امریکا میں کورونا وائرس اب تک قابو میں نہ آ سکا۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران وہاں 46 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر اور 879 مریض ہلاک ہوئے۔ یورپ میں کورونا وائرس ایک بار پھر سر اٹھانے لگا ہے۔ اسپین میں مزید  11 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ صرف 24 گھنٹے میں مزید 162 کورونا متاثرین ہلاک ہو گئے۔ فرانس میں بھی وبا کا زور ٹوٹنے کے بعد ایک بار پھر سب سے زیادہ 10 ہزار 593 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ یورپ میں عالمی وبا کی دوسری لہر پہلے سے زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے۔ یورپ میں ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر ہانس کلج کا کہنا ہے یورپی ممالک میں ستمبر کے ایک ہفتے میں 3 لاکھ کیس سامنے آئے جو وبا کے اولین 7 دنوں سے بھی بہت زیادہ تعداد ہے۔