Thursday, April 25, 2024

خطرناک کرونا وائرس سے چین بھر میں ہلاکتیں چھببیس ہو گئیں

خطرناک کرونا وائرس سے چین بھر میں ہلاکتیں چھببیس ہو گئیں
January 24, 2020
 بیجنگ (92 نیوز) خطرناک کرونا وائرس سے چین بھر میں ہلاکتیں چھببیس ہو گئیں ۔ کرونا وائرس سے آٹھ سو تین افراد متاثر ہوئے۔ کرونا وائرس کہیں عالمی سطح پر وبائی صورت اختیار نہ کر جائے۔ یہ وہ خوف ہے جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ بیشتر ممالک نے چین سے آنے والوں کی طبی جانچ پڑتال کیلئے ایئرپورٹس پر ہی کاؤنٹر قائم کر دیے ہیں۔ چین نے غیر معمولی اقدام اٹھاتے ہوئے 5 شہروں کو لاک ڈاؤن کر دیا۔ وُہان کے بعد ہوانگ گینگ، زیانٹاؤ، ایزھو اور چِیبی کو بھی ریاست نے حفاظتی پابندیوں میں جکڑ لیا۔ ہر ایک کے بیرون شہر سفر پر پابندی ، پروازیں، ٹرینیں اور بسیں بند، فیری سروس بھی معطل ہے۔ لاک ڈاؤن سے غذائی قلت کے خدشات جنم لینے لگے۔ تھائی لینڈ، جاپان، امریکا اور کوریا کے بعد ہانگ کانگ، سنگاپور اور ویتنام میں بھی وائرس سے متاثرہ افراد کی تصدیق ہو گئی۔ زیادہ تر متاثرین چینی شہر وُہان کا سفر کر کے لوٹے تھے۔ بڑھتے خطرات کے پیش نظر برطانیہ، آسٹریلیا اور روس سمیت متعدد ممالک نے ایئر پورٹس پر چین سے آنے والے افراد کا طبی معائنہ شروع کر دیا۔ قطر، پیرو اور میکسیکو سمیت کئی ممالک نے احتیاطی تدابیر اختیار کر لیں۔ عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کو عالمی ہیلتھ ایمرجنسی قرار دینے کا فیصلہ ایک بار پھر مؤخر کر دیا۔ سربراہ عالمی ادارہ صحت ٹیڈروس آدھانوم کا کہنا تھا کہ اس وقت کرونا وائرس کو عالمی ہیلتھ ایمرجنسی قرار دینا قبل از وقت ہو گا۔ ادھر پاکستان میں ایئرپورٹس حکام نے وزارت صحت کی مدد سے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور باچا خان ائیرپورٹ پر بین الاقوامی ارائیول لاؤنج میں تھرمل اسکینرنصب کر دیئے ہیں۔ تھرمل اسکینر مسافر کے درجہ حرارت کی پیمائش کرے گا ۔ اگر وائرس کی تصدیق ہوئی تو محکمہ صحت کے طبی مرکز میں بھیج دیا جائے گا۔