Friday, April 19, 2024

خط قطری نہیں بلکہ سیف الرحمان شہزادے کا لگتا ہے : پرویز الٰہی

خط قطری نہیں بلکہ سیف الرحمان شہزادے کا لگتا ہے : پرویز الٰہی
November 20, 2016

لاہور (92نیوز) مسلم لیگ قاف کے رہنما چودھری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں اس لیے اس پر ابھی بات کرنا مناسب نہیں۔ کوشش ہے کہ نوازحکومت کیخلاف تمام اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہو کر چلیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں پیپلزپارٹی کے مرحوم رہنما جہانگیر بدر کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ پاناما کیس سپریم کورٹ میں ہے، اس پر بات کرنا مناسب نہیں۔ قطری شہزادے کے خط کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ خط قطری نہیں بلکہ سیف الرحمان شہزادے کا لگتا ہے۔ عوام جھولیاں اٹھا اٹھا کر حکومت کے جانے کی دعائیں کر رہے ہیں۔

چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ سالہا سال سے نون لیگ کی حکومت ہے لیکن کوئی کام ایسا نہیں کیا جو غریب کی بہتری کے لیے ہو۔ پرویزالہٰی سے سوال کیا گیا کہ پرویز مشرف کا کیا مستقبل ہو گا تو انہوں نے یہ کہہ کر بات ٹال دی کہ وہ کوئی نجومی نہیں۔ قاف لیگ کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ جہانگیر بدر ایک منجھے ہوئے سیاستدان تھے۔ ان کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔