Friday, March 29, 2024

خضدار میں موسلادھار بارش کے بعد سیلابی ریلے نے 11افراد کی جانیں لے لیں، متعدد لاپتہ، ہائی الرٹ جاری

خضدار میں موسلادھار بارش کے بعد سیلابی ریلے نے 11افراد کی جانیں لے لیں، متعدد لاپتہ، ہائی الرٹ جاری
June 4, 2015
کوئٹہ (92نیوز) بلوچستان کے علاقے خضدار میں موسلا دھار بارش کے بعد سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ سیلابی ریلے میں بہہ کر 11افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ متعدد ابھی بھی لاپتہ ہیں۔ ریسکیو ادارے امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے کئی علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق خضدار میں موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی۔ ندی نالوں میں طغیانی سے کئی دیہات زیر آب آگئے ہیں جبکہ سیلابی ریلے میں 11افراد بہہ گئے جن کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر عبد الوحید شاہ کے مطابق بارشوں سے علاقے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ ودھ سارونہ میں زیادہ نقصان ہوا ہے۔ ندی نالوں میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ دوسری جانب ممکنہ بڑے سیلاب کے پیش نظر انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔