Sunday, May 12, 2024

خضدار سے سندھ جانے والی کوچ کرخ کے مقام پر کھائی میں جاگری

خضدار سے سندھ  جانے والی کوچ کرخ کے مقام پر کھائی میں جاگری
June 11, 2021

خضدار (92 نیوز) خضدار سے سندھ جانے والی کوچ کرخ کے مقام پر کھائی میں جاگری۔ حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت اٹھارہ مسافر جاں بحق ہو گئے۔

بلوچستان میں قومی شاہراہ پر ایک اور ٹریفک حادثے نے کئی زندگیوں کے چراغ گل کر دیئے۔ خضدار کے قریب کرخ بھلونک کے مقام پر وڈھ سے سندھ جانے والی بس تیز رفتاری کے باعث کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 18 افراد جاں بحق جبکہ 35 سے زائد زخمی ہو گئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جاںبحق اور زخمی ہونے والے افراد کو خضدار اسپتال منتقل کیا گیا تاہم زخمیوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث اسپتال میں مریضوں کے لئے جگہ کم پڑ گئی۔ زخمی ہونے والے افراد میں سے 15 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق بس میں سوار افراد سندھ سے عرس کی تقریبات میں شرکت کے لئے بلوچستان آئے تھے تاہم کرخ کے قریب ایم 8 شاہراہ پر موڑ کاٹتے ہوئے بس کھائی میں جا گری۔

واضح رہے کہ اس شاہراہ پر پہلے بھی بے شمار حادثات رونما ہو چکے ہیں۔ این ایچ اے حکام کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس علاقے میں تین خطرناک مقامات کی نشاندہی کی گئی تھی تاہم علاقے کا سروے مکمل ہو جانے کے باوجود بھی اس شاہراہ پر کام کا آغاز نہیں کیا گیا۔