Thursday, April 25, 2024

خشک میوے اور بسکٹ نہ ملنے پرامریکی شہری کا جہاز میں ہنگامہ، انتظامیہ نے جہاز آئرلینڈ میں اتار لیا

خشک میوے اور بسکٹ نہ ملنے پرامریکی شہری کا جہاز میں ہنگامہ، انتظامیہ نے جہاز آئرلینڈ میں اتار لیا
June 24, 2015
بلفاسٹ (ویب ڈیسک) شمالی آئرلینڈ کی ایک عدالت میں اس وقت ایک دلچسپ مقدمہ زیرسماعت ہے۔ یہ مقدمہ ایک مسافر بردار طیارے کے بارے میں ہے جسے شمالی آئرلینڈ کے دارالحکومت بلفاسٹ میں اتار لیا گیا تھا۔ مذکورہ طیارہ روم سے شکاگو کیلئے محو پرواز تھا جب طیارے کے مسافر ایک امریکی شہری جیریمیا متھائس ٹیڈی نے جہاز میں خشک میوے اور کرکرے بسکٹ نہ ملنے پر ہنگامہ برپا کر دیا۔ ہنگامہ آرائی کے بعد جہاز نے اپنا رخ بلفاسٹ کی جانب موڑ لیا اور تقریباً 50ہزار لیٹر ایندھن ضائع کر کے بلفاسٹ ایئرپورٹ پر اتر گیا۔ 42سالہ ٹیڈی کو گرفتار کر کے مجسٹریٹ کے سامنا پیش کر دیا گیا ہے اور اس پر طیارے کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کا الزام عائد کیاگیا ہے، اس پر بدنظمی پیدا کرنے اور کیبن کے ایک اہلکار سے مارپیٹ کرنے کا بھی الزام ہے۔ اس معاملے کی تفتیش کرنے والے پولیس اہلکار ولیم روبنسن نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ پرواز کے 15 منٹ کے اندر ہی وہ اپنی سیٹ پر کھڑا ہو گیا۔ جب عملے کے ایک اہلکار نے اسے اپنی سیٹ پر جانے کےلئے کہا تو اس نے انکار کر دیا اور وہ اس وقت تک نہیں گیا جب تک کہ اسے خشک میوے اور کریکرز نہ دیے گئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق روٹ میں تبدیلی کے سبب مسافروں کو بہت دقتوں کا سامنا رہا۔ شمالی آئرلینڈ کے شہر کولیرینے میں عدالت کو بتایا گیا کہ دس منٹ بعد وہ پھر اپنی سیٹ سے اٹھ گیا اور مزید خشک میوے اور کریکرز کا مطالبہ کیا جس پر اسے منع کیا گیا مگر اس نے چلانا شروع کر دیا اور گالیاں دینا شروع کر دیں۔ روبنسن نے بتایا کہ ان کی حرکتوں سے عملے کے ارکان خوفزدہ ہو گئے اور کپتان کو مطلع کر دیا کیونکہ طیارہ بحراوقیانوس کے قریب پہنچ رہا تھا۔ عدالت کو سماعت کے دوران بتایا گیا کہ ٹیڈی نے کیبن کے عملے سے لڑائی کی، آنے جانے کے راستے کو روکا، مسافر سیٹوں کے اوپر لگے سامان کے لاکرز کھولے اور بند کیے، باربار ٹوائلٹ جاتے رہے اور ایسا طرزِ عمل اختیار کیا جس سے دوسرے مسافر خوفزدہ محسوس کرنے لگے۔ روبنسن نے بتایا کہ جہاز کے پائلٹ نے ٹیڈی کے مشکوک برتاﺅ کی وجہ سے پرواز کو بلفاسٹ کےلئے موڑ دیا۔ ایئرلائنز نے اپنے ہرجانے کا تخمینہ ساڑھے تین لاکھ پاو¿نڈ لگایا ہے۔