Sunday, May 12, 2024

خدیجہ صدیقی کیس ، سپریم کورٹ کا ملزم کی سزا برقرار رکھنے کا فیصلہ ‏

خدیجہ صدیقی کیس ، سپریم کورٹ کا ملزم کی سزا برقرار رکھنے کا فیصلہ ‏
January 23, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) خدیجہ صدیقی کیس میں  سپریم کورٹ نے ملزم شاہ حسین کی 5 سال سزا برقرار رکھنے کا فیصلہ سنا دیا ،  پولیس نے ملزم کو احاطہ عدالت سے حراست مین لے لیا ۔ سپریم کور ٹ میں خدیجہ صدیقی کیس کی سماعت ہوئی ،  دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ خدیجہ کی بہن نے بھی ملزم کی نشاندہی میں تاخیر کی ،  خدیجہ کی گردن کے اگلے حصے پر کوئی زخم نہیں تھا، معاملے پر بول سکتی تھی، یہ بات طے ہے خدیجہ اسپتال میں بات کررہی تھی۔ خدیجہ کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حملے کے بعد خدیجہ حواس میں نہیں تھی ، ڈاکٹر کے مطابق خدیجہ کی حالت خطرے میں تھی۔ جس پر چیف جسٹس نےریمارکس دیے کہ ڈاکٹرز خدیجہ سے سوال کر رہے تھے تو سرجن نے انہیں باہر نکال دیا،خدیجہ نے ڈاکٹرز کو بتایا کہ حملہ آور لڑکا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ ہائیکورٹ کا نتیجہ شواہد کے مطابق ہے ،جبکہ خدیجہ صدیقی کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ ہائیکورٹ نے مقدمے کے مکمل شواہد کو نہیں دیکھا۔ عدالت نے مدعیہ خدیجہ صدیقی کی اپیل منظور کرتے ہوئے  ملزم کی سزا برقرار رکھنے کا مختصر فیصلہ سنا دیا ۔ تفصیلی فیصلہ بعد میں سنایا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خدیجہ صدیقی کا کہنا تھا کہ  آج حق کی فتح ہوئی ،  کیس میں دباؤ غیر معمولی تھا ،  میڈیا کے کردار کے باعث تمام دباؤ رد کر دیا۔ وکیل خدیجہ صدیقی کا کہنا تھا کہ  خوش قسمت کیس تھا  جو دو سال میں ہی سپریم کورٹ آگیا ،  چیف جسٹس نے پہلے ہفتے ہی کیس ٹیک اپ کیا ۔