Monday, May 13, 2024

خدشہ ہے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھتے ہی خونریزی ہو گی، عمران خان

خدشہ ہے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھتے ہی خونریزی ہو گی، عمران خان
September 27, 2019
 نیو یارک (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر دنیا کو خبردار کردیا اور کہا خدشہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھتے ہی خونریزی ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان کا امریکا میں کشمیر مشن زور و شور سے جاری ہے۔  نیو یارک میں ایشیا سوسائٹی سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا دورہ امریکا کا مقصد دنیا کے سامنے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا ہے۔ وہ عالمی رہنماؤں کو خطے کی صورتحال سمجھانے میں کامیاب رہے ہیں۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو آگے بڑھتے ہوئے مسئلے کو سلجھانا ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا بھارت میں انتہاپسند آر ایس ایس کی حکومت ہے جو اقلیتوں کی نسل کشی کے در پر ہے۔ صرف ریاست آسام کے انیس لاکھ مسلمانوں کی بھارتی شہریت ختم کر دی گئی۔ انہیں بنگلا دیش نے بھی لینے سے انکار کر دیا۔ یہ لوگ اب کہاں جائیں گے ، ان کا کیا مستقبل ہو گا۔ ایران امریکا کشیدگی کے حوالے سے سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا خلیج میں جنگ شروع ہوئی تو اس کا عالمی سطح پر بُرا اثر پڑے گا۔ تیل کی قیمتوں میں ہوشربا حد تک اضافہ ہو جائے گا جو دنیا میں غربت خطرناک حد تک بڑھا دے گی ۔ پاکستان اس تناؤ کو ختم کرنے کیلئے جو بھی ہوا کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے چین کو پاکستان کا بہترین دوست قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے چین نے بھرپور مدد فراہم کی۔ روڈ اینڈ بیلٹ منصوبے میں بھی وہ زراعت، ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں پاکستان کا ساتھ دے رہا ہے۔