Sunday, May 12, 2024

خداداد کالونی میں فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی

خداداد کالونی میں فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی
October 9, 2019
کراچی ( 92 نیوز) کراچی کی خدا داد کالونی میں موٹر سائیکل سوار ملزموں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گیا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سب انسپکٹر غوث عالم نے گزشتہ روز ٹی وی اینکر مرید عباس  قتل کیس کے اہم ملزم عادل  زمان کو  گرفتار کیا تھا ، اسپتال ذرائع کے مطابق سب انسپکٹر کے چہرے پر گولی لگی ہے  ، حالت تشویشناک ہے ۔ کراچی میں پولیس اہلکار ٹارگٹ کلرز کے نشانے پر آگئے ،  خدا داد کالونی میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے سب انسپکٹر زخمی ہوگیا ۔ کراچی میں امن کے دشمن 4 ملزمان 2 موٹرسائیکلوں پر سوار تھے  ، جنہوں نے کورٹ جانے والے سب انسپکٹر کا پیچھا کیا اور سگنل پر گاڑی رکتے ہی فائرنگ کردی  ، غوث عالم کو جبڑے پر ایک گولی لگی ۔ سب انسپکٹر کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی امداد کے بعد نجی اسپتال لے جایا گیا  ، غوث عالم گزشتہ روز اینکر مرید عباس قتل کیس میں فرار ملزم عادل زمان کو گرفتار کرنے والی ٹیم کا حصہ بھی تھا  جبکہ کالعدم تنظیموں سے متعلق بھی تفتیش کررہا تھا  جبکہ اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن یونٹ میں ایس ایس پی فاروق اعوان کے ماتحت کام کررہے ہیں ۔ آئی  جی سندھ نے ایس ایس پی ایسٹ سے واقعے کی تفصیلات طلب کرلی ہیں  جبکہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے ۔ دوسری جانب ناردرن بائی پاس پر ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے  ، مقتول کی شناخت شاہ نواز جبکہ زخمیوں میں عتیق اور اللہ نواز شامل ہیں ۔