Friday, April 19, 2024

خدا کیلئے آپریشن رکوائیں !!! ایم کیو ایم وزیراعظم کے دورہ سے پہلے شکایتیں لیکر امریکہ پہنچ گئی

خدا کیلئے آپریشن رکوائیں !!! ایم کیو ایم وزیراعظم کے دورہ سے پہلے شکایتیں لیکر امریکہ پہنچ گئی
October 17, 2015
کراچی (92نیوز) ایم کیو ایم کے رہنماﺅں نے وزیراعظم نواز شریف کے دورہ امریکہ سے پہلے واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے حکام سے ملاقاتیں کرکے کراچی آپریشن پر شکایتوں کے انبار لگا دیئے اور کراچی میں آپریشن کو منصفانہ بنانے کے لئے پاکستان پر دباﺅ ڈالنے کی بھی اپیل کی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے بیس اکتوبر کے دورہ امریکہ سے پہلے ایم کیو ایم کے لیڈر شکایات کے انبار لے کر واشنگٹن پہنچ گئے۔ ایم کیو ایم کے رہنماﺅں نے امریکی محکمہ خارجہ میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں اور کراچی کی صورتحال پر بات کی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے امریکی محکمہ خارجہ کے حکام سے ملاقات میں کہا کہ امریکہ پاکستان کی حکومت اور فورسز پر دباﺅ ڈالے کہ وہ کراچی آپریشن میں ایم کیو ایم کو ٹارگٹ نہ کرے۔ کراچی میں حالات بہت خراب ہیں‘ اگر کراچی میں آپریشن کے نام پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور غیرقانونی گرفتاریاں جاری رہیں تو حالات قابو سے باہر ہو سکتے ہیں۔ ملاقات کے بعد پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ انہوں نے محکمہ خارجہ کے حکام سے کہا اگر کراچی میں حالات خراب رہے تو پاکستان کی معیشت‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ متاثر ہو گی۔ امریکہ سے کہا ہے کہ کراچی میں منصفانہ آپریشن کو منصفانہ بنانے کے لئے دباﺅ ڈالا جائے۔ ایم کیو ایم کے ہزاروں کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ان کے دلوں میں کس قسم کا ردعمل ہوگا۔ ہم قانون اور امن پسند لوگ ہیں لیکن بلاجواز گرفتاریاں کراچی کے امن اور استحکام کے لئے خطرہ ہیں۔