Thursday, March 28, 2024

ختم نبوت کے معاملے پر فوج سمجھوتہ نہ کراتی تو انتشار پھیل جاتا، عمران خان

ختم نبوت کے معاملے پر فوج سمجھوتہ نہ کراتی تو انتشار پھیل جاتا، عمران خان
November 29, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے پاس کوئی مینڈیٹ نہیں ۔ ملک میں انتشار پھیلا ہوا تھا اور شاہد خاقان رائیونڈ میں جا کر بیٹھ گئے تھے ۔ ختم نبوت کے معاملے پر اگر فوج سمجھوتہ نہ کراتی تو ملک میں انتشار پھیل جاتا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار نواز شریف کے فرنٹ مین تھے ۔ اسحاق ڈار نے حدیبیہ پیپر ملز میں نواز شریف کے پیسوں کی تفصیلات دی تھی ۔ اسحاق ڈار کو نہ ہٹانے کی وجہ بھی یہی ہے کہ ان کو سب پتہ ہے ۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اسحاق ڈار اگر بولنا شروع ہوئے تو ان کو پتہ چل جائے گا کہ کیوں نکالا ۔ عثمان ڈار نے جس کو چیلنج کیا ہے وہ دبئی سے 17 لاکھ روپے تنخواہ لے رہا ہے ۔ کہیں پر بھی بندوقوں سے مسئلے حل نہیں ہوتے ۔ لال مسجد کے واقع کے بعد دہشتگردی کا گراف اوپر گیا تھا ۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ شریف خاندان کی تمام کرپشن کے پیچھے قطری خط ہے ۔ سب کو پتہ ہےقطری اور قطری خط فراڈ ہے۔ میرا خیال ہے ختم نبوت بل میں ترمیم باہر کی لابی کو خوش کرنے کی کوشش تھی ۔ ختم نبوت ترمیم کو کسی بھی فورم میں زیر بحث نہیں لایا گیا۔