Friday, April 26, 2024

ختم نبوت کانفرنس میں 5 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے استعفے پیش کر دیئے

ختم نبوت کانفرنس میں 5 ارکان  قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے استعفے پیش کر دیئے
December 10, 2017

فیصل آباد ( 92 نیوز ) فیصل آباد میں منعقدہ تاریخی ختم نبوتؐ کانفرنس میں دو لیگی ارکان قومی اور تین ارکان صوبائی اسمبلی نے ناموس رسالتؐ کی خاطر اپنی نشستیں قربان کر دیں۔
ارکان اسمبلی کا کہنا ہے کہ ختم نبوتؐ کےمعاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ۔ مزید قربانی دینا پڑیں تو گریز نہیں کریں گے۔
دھوبی گھاٹ گراؤنڈ فیصل آباد میں منعقدہ تحفظ ختم نبوتؐ کانفرنس میں ن لیگی ارکان اسمبلی کے استعفوں کی جھڑی لگ گئی ۔ کانفرنس کے دوران پیر آف سیال شریف کے مطالبات سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جھنگ کی ایم این اے غلام بی بی بھروانہ، فیصل آباد کے نثار جٹ جبکہ چنیوٹ کے ایم پی اے مولانا رحمت اللہ، سیال شریف سے ایم پی اے غلام نظام الدین، اور جھنگ سے محمد خان بلوچ نے اسمبلی نشتوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ۔
اس موقع پر ایم پی اے غلام نظام الدین سیالوی کا کہنا تھا کہ ختم نبوت کی خاطر اسمبلی نشست چھوڑنا بہت چھوٹی قربانی ہے ۔ ناموس رسالتؐ کے لیے ہماری جانیں بھی قربان ہیں ۔
ایم پی اے مولانا رحمت اللہ کا کہنا تھا کہ نبیؐ کی شان میں اپنا سب کچھ لٹانے کو تیار ہیں ۔
محمد خان بلوچ بولے کے حکومت اقتدار تو آنی جانی چیز ہے مگر ختم نبوت قانون پر کوئی آنچ برداشت نہیں۔
تحفظ ختم نبوت کانفرنس میں 20 سے زائد یونین کونسل چیئرمینز نے بھی اپنی سیٹوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ۔
مستعفی ارکان کا کہنا تھا کہ ابھی صرف آغاز ہے وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے استعفے سمیت حکومت نے دیگر مطالبات نہ مانے تو استعفوں کی اگلی قسط بڑی ہوگی ۔