Tuesday, April 23, 2024

ختم نبوت فارم سے میرا کوئی تعلق نہیں، شفقت محمود

ختم نبوت فارم سے میرا کوئی تعلق نہیں، شفقت محمود
July 5, 2018
لاہور (92 نیوز) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 سے پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار شفقت محمود نے کہا کہ ختم نبوت فارم سے میرا کوئی تعلق نہیں۔ سب کمیٹی میں صرف مالی معاملات کے تین فارم زیر بحث آئے۔ وزارت قانون میں ختم نبوت والے فارم میں جان بوجھ کر تبدیلی کی گئی۔ شفقت محمود نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتیں مل کرتحریکِ انصاف کے خلاف سازشیں کررہی ہیں، یہ سیاسی طور طریقے نہیں ہیں، انتخابات قریب آتے ہی ختمِ نبوت حلف نامے کا ملبہ ہم پر گرانے کی کوششیں ہو رہی ہیں، افسوس ہے کہ اپنے دینی عقائد پر بھی صفائی پیش کرنا پڑ رہی ہے۔ حلقہ این اے 130 میں انتخابی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا کہ الیکشن کے دن قریب  ہیں اور ہمارے حریفوں نے کوشش کی ہے کہ ختم نبوت کا ملبہ تحریک انصاف اور ہم پر ڈالا جائے۔ کل ایک سیاسی جماعت نے جلوس بھی نکالے ۔ اخراجات والے  فارم پر میری تصویریں جلائیں۔ شقفت محمود کا کہنا تھا کہ دین کا سہارا لے کر وہ سیاست کر رہے ہیں۔ مخالفین کو اپنی ہار نظر آ رہی ہے ، وہ ڈرے ہوئے ہیں ، ہمارے حریف ایک الگ قسم کا ڈر پھیلا رہے ہیں ، ان سے کہوں گا کہ سیاست ضرور کرے مگر دین کو سیاست میں نہ لائے ۔ رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ وضاحت کرنا چاہتا ہوں کہ یہ سب سیاست کر رہے ہیں نہ ججمنٹ میں کچھ ایسا ہے ، میں مسلمان ہوں اور میرا ختم نبوت پر یقین ہے جو رسول پاک نے دین کا رستہ دیکھایا تو اس کے بعد دین میں  گنجائش نہیں رہتی افسوس ہوتا ہے کہ عقیدے پر صفائی دینا پڑ رہی ہے۔