Friday, April 19, 2024

خبردار ! تنگ جینز پہننے سے آپ کی ٹانگیں سن ہو سکتی ہیں : ڈاکٹرز

خبردار ! تنگ جینز پہننے سے آپ کی ٹانگیں سن ہو سکتی ہیں : ڈاکٹرز
June 24, 2015
میلبورن (ویب ڈیسک) ڈاکٹروں نے تحقیق سے ثابت کیا ہے کہ چست پتلون پہننے سے پٹھوں اور اعصاب کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ جرنل آف نیورولوجی، نیوروسرجری اور سائیکائٹری نامی طبی جریدے میں ڈاکٹروں نے آسٹریلیا کی ایک ایسی 35 سالہ خاتون کا ذکر کیا جن کی پنڈلیاں سوج جانے کی وجہ سے ان کی چست جینز کاٹ کر الگ کرنا پڑی۔ یہ خاتون اپنا گھر تبدیل کرنے کے سلسلے میں سامان باندھنے کےلئے کئی گھنٹے تک زمین پر اکڑوں بیٹھی رہی تھیں۔ شام تک اس کے پیر سن ہو گئے تھے اور اسے چلنے میں دقت ہو رہی تھی۔ ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ اس خاتون کو ایک بیماری لاحق تھی جسے کمپارٹمنٹ سنڈروم کہتے ہیں۔ یہ بیماری چست جین کی وجہ سے مزید شدت اختیار کر گئی۔ کمپارٹمنٹ سنڈروم ایک انتہائی تکلیف دہ اور ممکنہ طور پر سنگین مسئلہ ہے جس میں خون پٹھوں کے کسی ایک حصے میں جمع ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ اس کی وجہ سے وہ خاتون چلتے ہوئے گر گئی اور پھر خود اٹھ نہیں سکی۔ جب رائل ایڈیلیڈ ہسپتال میں ان کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ اس کی ٹانگیں بری طری سوجی ہوئی تھیں۔ اگرچہ اس کے پیروں تک خون پہنچ رہا تھا تاہم اس کی ٹانگیں انتہائی کمزور ہو چکی تھیں اور اس کے اعصاب کو نقصان پہنچا تھا۔ طبی کارکنوں نے اس کے علاوہ بھی متعدد ایسے کیس رپورٹ کیے ہیں جن میں چست جین پہننے سے لوگوں کی ٹانگیں سن ہوگئی ہوں تاہم عام لوگوں میں اس بیماری کے امکانات بہت کم ہیں۔