Tuesday, April 30, 2024

خبردار ! بھتہ خور وائرس نے تباہی مچا دی

خبردار ! بھتہ خور وائرس نے تباہی مچا دی
December 17, 2015
لندن (ویب ڈیسک) آئی ٹی ماہرین نے ایک وائرس رینسم ویئر کے بارے میں تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے۔ یہ ایک نقصان پہنچانے والا وائرس ہے جو صارفین کے کمپیوٹر کو لاک کر دیتا ہے اور اسے کھولنے کے بدلے میں رقم کا مطالبہ کرتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس وائرس کی بدولت 2015ءمیں اب تک 72 فیصد کمپیوٹر سسٹم اس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ 2013ءمیں یہ تعداد 17 فیصد تھی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ وائرس موبائل فون کے لیے بھی خطرناک ہے کیونکہ اسے کسی بھی موبائل ایپ میں چھپایا جا سکتا ہے اور ایپ انسٹال کرنے کے دوران وائرس فون میں منتقل ہو جاتا ہے۔ اس سے بچنے کے لیے صارفین ایپ کو انسٹال کرنے سے پہلے تسلی کر لیں کہ یہ ایپ کہاں سے آئی ہے اور اس کے بارے میں لوگوں کی کیا رائے ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دیگر کمپیوٹر وائرس کی طرح رینسم ویئرکو بھی جعلی ای میل، سپیم میل یا پھر نقلی سافٹ ویئر کی صورت میں بھیجا جاتا ہے۔ اگر صارف نے ان میں سے کسی پر بھی کلک کر دیا تو وہ وائرس ان کے کمپیوٹر میں داخل ہو جاتا ہے۔ یہ وائرس کمپیوٹر یا موبائل میں گھس کر صارف کی فائلوں کو تبدیل کر کے لاک یا بند کر دیتا ہے اور اس کو دوبارہ چالو کرنے کے بدلے میں 500 ڈالر مانگتا ہے۔ ایک خاص مدت تک ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں رقم بڑھا دی جاتی ہے۔