Sunday, September 8, 2024

خبردار ! آن لائن ترجمہ پر بھروسہ مت کیجئے

خبردار ! آن لائن ترجمہ پر بھروسہ مت کیجئے
January 9, 2016
لندن (ویب ڈیسک) کئی ایسے سرچ انجن ہیں جو دنیا بھر کی عوام کو کسی بھی زبان کے ترجمہ کی مفت سہولت مہیا کرتے ہیں۔ یہ سلسلہ سرچ انجن تک ہی محدود نہیں مارکیٹ میں کئی ایسے سافٹ ویئر بھی گردش کر رہے ہیں یا انٹرنیٹ پر آن لائن دستیاب ہوتے ہیں جو کسی بھی زبان کے ترجمہ کی پیشکش کرتے ہیں۔ یہ سرچ انجن یا سافٹ ویئر ترجمہ ٹھیک کرتے ہیں یا غلط اس کی ایک جھلک اس وقت دیکھنے میں آئی جب کچھ دن پہلے گوگل پر ”رشین فیڈریشن“ کو یوکرائنی سے روسی زبان میں ترجمہ کیاگیا تو جواب نے دنیائے انٹرنیٹ کے بڑے سرچ انجن کے ہوش گم کر دیے۔ انٹرنیٹ ویب سائٹ کے مطابق ایک گوگل صارف نے رشین فیڈریشن کو یوکرائنی سے روسی زبان میں ترجمہ کرنے کی کوشش کی تو درست ترجمے کی بجائے ”مورڈور“ لکھا ہوا آگیا یعنی وہ افسانوی اور دغاباز صوبہ جسے ”لارڈ آف دی رنگز“ میں دکھایا گیا تھا۔ معاملہ منظرعام پر آنے کے بعد گوگل فوری حرکت میں آ گیا اور اس کے ترجمان کو میڈیا کو کہنا پڑا کہ یہ ایک غلطی ہے جس کا الزام ٹیکنالوجی کے سر ڈالا جانا چاہئے۔ گوگل کے مطابق ترجمے کی یہ غلطی مکمل طور پر تکنیکی مسئلہ ہے۔ اگرچہ گوگل نے اس خامی کو اب ٹھیک کر دیا ہے مگر ترجمہ کی سہولت مہیا کرنے والے سرچ انجنز اور سافٹ ویئر کی کارکردگی پر سوالیہ نشان چھوڑ گیاہے۔