Friday, March 29, 2024

خانیوال کی بستی باغ والی جدید ترین طرز جمہوریت کا نمونہ بن گئی

خانیوال کی بستی باغ والی جدید ترین طرز جمہوریت کا نمونہ بن گئی
October 28, 2015
خانیوال (92نیوز) الیکشن سے پہلے الیکشن‘ کونسلر کے الیکشن کے لیے دو امیدواروں میں کانٹے دار مقابلہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق خانیوال کے نواحی علاقہ یونین کونسل نمبر 116 کی بستی باغ والی سے دو امیدوار رانا شفقت اور عمر دراز جو چچا بھتیجا ہیں‘ کونسلر کے لیے الیکشن لڑرہے ہیں۔ باغ والی بستی کے رہائشی افراد نے فیصلہ کیا کہ الیکشن جیتنے کے لیے بستی سے صرف ایک امیدوار الیکشن میں حصہ لے گا تا کہ اس کی جیت ممکن ہو سکے۔ ایک ہی بستی کے دو کونسلر ز کی جیت مشکوک ہے جس پر بستی والوں نے متفقہ طور پر الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا اور راو غلام مرتضیٰ کو پریذائیڈنگ آفیسر مقرر کیا اور فیصلہ کیا کہ جو جیت جائے گا وہ الیکشن میں حصہ لے گا‘ ہارنے والا دستبردار ہو جائے گا جس پر گزشتہ روز باغ والی بستی میں دلچسپی الیکشن کا مرحلہ ہوا۔ بستی کی تمام خواتین اور مردوں نے بھر پور شرکت کی۔ خواتین اور مردوں کے لیے علیحدہ علیحدہ پولنگ بوتھ بنائے گئے اور انتخابی نشان کے لیے دونوں امیدواروں کی تصویر والے بیلٹ پیپر بنائے گئے۔ لوگوں نے اپنے امیدوار کو جتوانے کے لیے قطاروں میں کھڑے ہو کر ڈسپلن کے ساتھ ووٹ کاسٹ کیا۔ رانا شفقت نے60جبکہ عمر دراز نے 44ووٹ حاصل کیے۔ پریذائیڈنگ آفیسر رانا غلام مرتضیٰ نے جیسے ہی رزلٹ سنایا تو ہارنے والے چچا عمر دراز نے اپنے بھتیجے رانا شفقت کے گلے میں ہار ڈال دیا۔ ڈھول کی تھاپ پر تمام لوگوں نے بھنگڑے ڈالے۔ اس طرح رانا شفقت اپنی بستی باغ والی کی طرف سے کونسلر کے امیدوار بن گئے۔