Tuesday, April 23, 2024

خانہ کعبہ کا غلاف تبدیل کرنے کی روح پرور تقریب

خانہ کعبہ کا غلاف تبدیل کرنے کی روح پرور تقریب
August 10, 2019
مکہ (92 نیوز) مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کا غلاف تبدیل کرنے کی روح پرور تقریب ہوئی جس میں گورنر مکہ اور دیگراہم شخصیات نے شرکت کی۔ خانہ کعبہ کی زیارت کا شرف حاصل کرنے والے ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اللہ کے گھر کے لباس کی بھی خصوصی توجہ اور عقیدت کے ساتھ زیارت کرے۔ روایت کے مطابق یوم عرفہ پر غلاف کعبہ تبدیل کرنے کی پر نور اور پروقار تقریب ہوئی جس میں  گورنر مکہ مکرمہ ، کلید بردار خانہ کعبہ اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی ۔ کسوہ فیکٹری کے اہلکاروں نے پرانے غلاف کو اتار کر خانہ کعبہ کو نئے غلاف سے آراستہ کیا۔ غلاف کعبہ کی تیاری میں  چھے سو ستر کلو ریشم استعمال ہوا ہے جسے  اٹلی سے خاص طور پر منگوایا گیا۔ غلاف کی تیاری میں  ایک سوبیس کلو گرام خالص سونے اور سو کلو گرام چاندی کے دھاگے استعمال ہوئے ہیں۔ سونے اور چاندی کے دھاگوں سے غلاف کعبہ پر بیت اللہ کی حرمت اور حج کی فرضیت و فضیلت کے بارے میں قرآنی آیات کندہ کی گئی ہیں۔ غلاف کی لمبائی پچاس فٹ اور چوڑائی پینتیس  سے چالیس فٹ ہے  جبکہ اس کی لاگت ستر لاکھ ریال ہے ۔ پرانے غلاف کو خانہ کعبہ سے اتارنے کے بعد ٹکڑوں میں تقسیم کیا جاتا ہے  اور یہ ٹکڑے اہم شخصیات اور مذہبی تنظیموں میں تبرک کے طور پر بانٹ دیئے جاتے ہیں۔