Sunday, September 8, 2024

خاص گروہ کو میڈیا‘ تاجروں اور فنکاروں پر حملوں کیلئے اُکسایا جا رہا ہے : رینجرز

خاص گروہ کو میڈیا‘ تاجروں اور فنکاروں پر حملوں کیلئے اُکسایا جا رہا ہے : رینجرز
July 5, 2016
کراچی (92نیوز) سندھ رینجرز نے کراچی کے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کی قیادت تقاریر کے ذریعے صحافتی اداروں‘ فنکاروں اور تاجروں پر حملوں پر اکسارہی ہے۔ عوام شرپسند عناصر کی اطلاع فوری طور پر رینجرز کو دیں۔ ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایک سیاسی جماعت کی بیرون ملک قیادت اشتعال انگیز تقاریر اور بیانات کے ذریعے کراچی کے امن کے لیے چیلنج کی صورت حال بنا رہی ہے۔ قیادت کی جانب سے اشتعال انگیز تقاریرسے طلباءاور مخصوص گروہ کو ریاستی‘ صحافتی اداروں اور فنکاروں کے خلاف اکسا کر حملوں پر مجبور کرکے بدامنی کو ہوا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ رینجرز کی جانب سے تمام میڈیا ہاوسز‘ شاپنگ سینٹرز اور دھمکی زدہ افراد کو خصوصی سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ رینجرز بدامنی پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق عوام ایسے عناصر کی گرفتاری میں رینجرز کی مدد کریں اور مشکوک افراد کی اطلاع فوری طور پر رینجرز ہیلپ لائن پر دیں۔