Tuesday, April 16, 2024

حیدرآباد میں بھی مکمل لاک ڈاؤن، اہم شاہراہیں بند، پولیس اور رینجرز تعینات

حیدرآباد میں بھی مکمل لاک ڈاؤن، اہم شاہراہیں بند، پولیس اور رینجرز تعینات
March 23, 2020
حیدرآباد (92 نیوز) کورونا وائرس کے پیش نظر سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں بھی مکمل لاک ڈاؤن ہے، شہر کی اہم شاہراہیں خار دار تاریں لگا کر بند کردی گئی ہیں جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔ سندھ حکومت کے احکامات کے تحت کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے حیدرآباد میں بھی مکمل لاک ڈاؤن ہے، شہر بھر میں تجارتی و کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں جبکہ سڑکوں پر مکمل سناٹا ہے۔ شہر کی اہم شاہراہوں کو خار دار تاریں لگا کر سیل کیا گیا ہے۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔ دوسری جانب بعض شہری ضرورت کے تحت گھروں سے نکل رہے ہیں جن کا پولیس اہلکار شناختی کارڈ چیک کررہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے لاک ڈاؤن کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد حیدرآباد کے شہری بھی محتاط ہوگئے ہیں اور لوگ گھروں پر رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔