Saturday, April 27, 2024

حیدرآباد سول اسپتال بدترین بدانتظامی کا شکار، مخدوش وارڈز، جابجا گندگی کے ڈھیر، ادویات ناپید

حیدرآباد سول اسپتال بدترین بدانتظامی کا شکار، مخدوش وارڈز، جابجا گندگی کے ڈھیر، ادویات ناپید
June 2, 2015
حیدرآباد (92نیوز) اسپتال کا نام آتے ہی ذہنوں میں موثر علاج معالجے، طبی سہولتوں، مستعد ڈاکٹرز، عملے اور بہتر انتظامی امور کا تصور ابھرتا ہے لیکن حیدرآباد کا سول اسپتال ان تمام باتوں سے عاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق سول اسپتال سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کا سب سے بڑا اسپتال ہے جس کا سالانہ بجٹ ایک ارب روپے سے زائد ہے لیکن اسپتال کی حالت زار انتہائی ناگفتہ بہ ہے، جابجا گندگی اور غلاظت کے ڈھیر، اسپتال کے اندر آوارہ کتوں کی بہتات، مخدوش وارڈز، ٹوٹے پھوٹے بستر، سول اسپتال کا مقدر بن گئے ہیں۔ اسپتال کے وارڈز میں صفائی ستھرائی کا شدید فقدان ہے جس کا اندازہ مریضوں کےلئے بنائے گئے واش روم کی حالت دیکھ کر بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔ المیہ یہ ہے کہ ادویات کےلئے 70 کروڑ روپے کابجٹ رکھنے والے اسپتال میں مریضوں کو نہ صرف ادویات فراہم نہیں کی جاتی بلکہ کئی طبی ٹیسٹ بھی انہیں اسپتال کے احاطے میں قائم نجی ڈائیگنوسٹک سینٹرز سے کرانے پڑتے ہیں۔ سول اسپتال انتظامیہ کی مبینہ کرپشن، مجرمانہ غفلت اور صوبائی حکومت کے محکمہ صحت کی عدم توجہی کے باعث اسپتال عوام کے لئے ایک اذیت گاہ میں تبدیل ہوگیا ہے۔ اسپتال کی موجودہ حالت زار صحت کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کی دعویدار سائیں سرکار کے دعووں کی قلعی کھولنے کےلئے کافی ہے۔