Sunday, May 19, 2024

حیدرآباد، 6 سالہ ملائیکہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق

حیدرآباد، 6 سالہ ملائیکہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق
August 16, 2020
حیدرآباد (92 نیوز) حیدرآباد میں محکمہ بلدیات کی مجرمانہ لاپرواہی نے ایک اور معصوم کی جان لے لی، پریٹ آباد مہاجر مسجد کے قریب 6 سالہ ملائیکہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گئی۔ حیدرآباد میں کھلے مین ہول نے ایک اور معصوم بچی کی جان لے لی۔ پریٹ آباد میں مہاجر مسجد چوک کے قریب 6 سالہ ملائیکہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگئی۔ ملائیکہ رات کو چیز لینے کیلئے گھر سے نکلی اور گلی میں کھلے گٹر میں گر گئی۔ واقعہ کے بعد اہل محلہ کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی۔ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچی  کو گٹر سے نکالا اور سول اسپتال منتقل کیا لیکن معصوم بچی  پیٹ میں  گندا پانی بھر جانے کے باعث اسپتال میں ہی دم توڑ گئی۔ ملائیکہ کے  انتقال کی خبر پر گھر میں کہرام مچ گیا۔ یوسی چیئرمین یعقوب شیخ  تعزیت کیلئے بچی کے گھر پہنچے لیکن اہل خانہ اور علاقہ مکینوں کا غصہ دیکھ کر واپس لوٹ گئے۔ ایم کیو ایم کے یوسی چیئرمین یعقوب شیخ اور کونسلر ذاکر قریشی بھی اس ہی گلی میں رہائش پذیر ہیں۔ اس سے قبل بھی شہر کے مختلف علاقوں میں کھلے گٹروں میں گر کر کئی بچے اپنی قیمتی جانیں گنوا چکے ہیں، لیکن ضلعی انتظامیہ، بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد اور دیگر منتخب نمائندوں کے سر پر جوں تک نہیں رینگی۔