Saturday, May 11, 2024

حیدر آباد کے پولیس اہلکار خود حفاظتی سامان سے محروم

حیدر آباد کے پولیس اہلکار خود حفاظتی سامان سے محروم
April 11, 2020

حیدر آباد ( 92 نیوز) سندھ حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے جاری لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کروانے کے لئے پولیس اہلکاروں کو شہر کے مختلف علاقوں میں تعینات کیا ہے لیکن حیدر آباد میں  فرائض انجام دینے والے اہلکار کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے حفاظتی سامان سے محروم ہیں۔

کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے حیدر آباد  میں بھی لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، لاک ڈاؤن کے دوران پولیس اہلکاروں کو شہر کے مختلف علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے لیکن انہیں کورونا وائرس سے بچنے کے لئے کوئی حفاظتی سامان فراہم نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے پولیس اہلکار تشویش میں مبتلا ہیں۔

لاک ڈاؤن میں فرائض انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کو حفاظتی لباس تو درکنار حکومت کی جانب سے ماسک بھی فراہم نہیں کئے گئے ہیں، چند پولیس اہلکاروں نے خود ہی ماسک خریدے ہیں، بیشتر اہلکار بغیر ماسک لگائے ڈیوٹیاں انجام دینے پر مجبور ہیں۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے فرنٹ لائن پر اپنے فرائض انجام دینے والے اہلکاروں نے حفاظتی سامان کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔