Thursday, April 18, 2024

حیدر آباد ، کیپٹن عبدالمالک شہید نے بھی کارگل کے محاذ پر جام شہادت نوش کیا

حیدر آباد ، کیپٹن عبدالمالک شہید نے بھی کارگل کے محاذ پر جام شہادت نوش کیا
September 3, 2018
حیدر آباد (92 نیوز) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کیپٹن عبدالمالک شہید نے بھی کارگل کے محاذ پر جام شہادت نوش کر کے ثابت کیا کہ دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔ وطن عزیز کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں نے محاذ جنگ میں اپنی بہادری کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں۔ جب بات ہو وطن کے دفاع کی تو محاذ کوئی بھی ہو افواج پاکستان کا ہر سپاہی اپنے وطن کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت تیار رہتا ہے۔ وطن کے ایسے ہی سپوتوں میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کیپٹن عبدالمالک شہید کا شمار بھی ہوتا ہے جو کارگل کے محاذ پر دشمن کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی دھرتی پر قربان ہوگئے۔ کیپٹن عبدالمالک شہید نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ علامہ اقبال ہائی اسکول سے حاصل کی اور انٹر کا امتحان پاس کرنے کے بعد پاک فوج میں کمیشن حاصل کر کے کپٹن بن گئے۔ وطن عزیز کی حرمت کے لئے کیپٹن عبدالمالک شہید نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے نہ صرف آنے والی نسلوں کے حوصلے بلند کئے بلکہ یہ بھی ثابت کر دیا کہ وطن کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہو تو پھر دشمن کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔