Wednesday, May 8, 2024

حیدر آباد کی سبزی و فروٹ منڈی شہر سے باہر منتقلی شروع ‏

حیدر آباد کی سبزی و فروٹ منڈی شہر سے باہر منتقلی شروع ‏
January 30, 2020
حیدر آباد ( 92 نیوز) حیدر آباد  کی سبزی و فروٹ منڈی کو شہر سے باہر منتقل کرنے کیلئے سندھ حکومت حرکت میں آگئی، محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد تاجروں کو نئی منڈی میں منتقل ہونے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ 19 سال سے حیدرآباد کی سبزی و فروٹ منڈی کی شہر سے باہر منتقلی کا معاملہ التواء کا شکار تھا لیکن اب ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر محکمہ داخلہ سندھ نے سبزی منڈی کو فوری طور پر شہر سے باہر منتقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے پرانی منڈی میں دو ماہ کے لئے دفعہ 144 نافذ کرکے سبزی اور فروٹ کی نیلامی اور فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ سبزی و فروٹ منڈی کے تاجروں کا کہنا ہے کہ وہ ہالہ ناکہ پر تعمیر کی گئی نئی سبزی و فروٹ منڈی میں منتقل ہونے کے لئے تیار ہیں لیکن اس سے پہلے ضلعی انتظامیہ ہمیں تمام بنیادی سہولیات فراہم کرے اور دکانوں کے متنازعہ معاملات بھی حل کئے جائیں۔ شہر کے گنجان آباد علاقے حالی روڈ پر واقع پرانی سبزی و فروٹ منڈی کے باعث ٹریفک جام رہنا روز کا معمول ہے جبکہ گندگی اور غلاظت کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔