Friday, April 19, 2024

حیدر آباد میں پٹھان کوٹ کے قریب مال گاڑی اور مسافر ٹرین میں تصادم، 3 افراد جاں بحق

حیدر آباد میں پٹھان کوٹ کے قریب مال گاڑی اور مسافر ٹرین میں تصادم، 3 افراد جاں بحق
June 20, 2019

حیدر آباد (92 نیوز) حیدر آباد میں پٹھان کوٹ کے قریب مال گاڑی اور مسافر ٹرین میں تصادم ہو گیا جس میں 3 افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق دونوں ٹرینیں ایک ہی ٹریک پر آگئی تھیں۔ مسافر ٹرین آگے موجود تھی، مال گاڑی پیچھے سے آکر ٹکرا گئی۔ حادثے میں متعدد مسافر زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سندھ رینجرز کے جوان بھی موقع پر پہنچ گئے۔

ڈرائیور نعمان اور اسسٹنٹ ڈرائیور یاسر کا تعلق کراچی سے تھا۔ حادثے کے بعد ریلوے ٹریفک معطل ہو گئی اور ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر روک دیا گیا۔

کمشنر حیدرآباد کا کہنا ہے غفلت کا تعین ریلوے حکام کریں گے۔ دونوں ٹرینیں ایک ہی ٹریک پر تھیں۔ عینی شاہدین نے بھی خوفناک حادثے کا آنکھوں دیکھا حال بتایا۔ ایس پی ریلوے شہلا قریشی نے حادثے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ فوری امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئیں۔

 وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا تحقیقات کی جارہی ہیں کہ یہ حادثہ ہے یا غفلت۔ ریلوے حکام سے مسلسل رابطے میں ہوں،غلطی ڈرائیور کی ہے، اسے سگنل دیکھنا چاہئے تھا۔

شیخ رشید کے دور وزارت میں ٹرینوں کی ڈی ریلمنٹ کے واقعات میں اضافہ ہوا۔ چھے ماہ کے دوران 44 بڑے واقعات ہوئے۔

ذرائع کے مطابق دسمبر سے جون 2019 تک ٹرینوں کے پٹریوں سے اترنے کے کل 44 بڑے واقعات ہوئے۔ مرتب کردہ رپورٹ کے مطابق دسمبر کے مہینے میں 4، جنوری کے مہینے میں 5، فروری میں 6، مارچ میں 10، اپریل میں 6، مئی میں 5 اور جون میں 8 ڈی ریلمنٹ کے واقعات وقوع پذیر ہوئے جن میں 17 مسافر ٹرینیں اور 27 مال گاڑیاں حادثے کا شکار ہوئیں۔

انجن فیل ہونے، سیلون، پاور وینز اور  بوگیوں میں آگ لگنے کے واقعات رپورٹ میں شامل نہ کیے جا سکے۔ ڈی ریلمنٹ کے واقعات کے باعث مین لائن اور برانچ لائن پر ٹرینیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں۔ بڑھتے ہوئے ڈی ریلمنٹ کے واقعات نے ریلوے میں بہتری کے کلی کھول دی۔