Monday, May 13, 2024

حیدر آباد میں عید کے تیسرے روز بھی جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے نہ لگائی جا سکیں

حیدر آباد میں عید کے تیسرے روز بھی جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے نہ لگائی جا سکیں
August 3, 2020

حیدر آباد ( 92 نیوز) حیدر آباد میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت ٹھکانے لگانے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، عید کے تیسرے روز بھی جابجا بکھری آلائشوں کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد  کی جانب سے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت ٹھکانے لگانے کا دعوی محض دعویٰ ہی ثابت ہوا، شہر کے مختلف مقامات پر بکھری آلائشوں سے شدید تعفن اٹھ رہا ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بلدیہ کی جانب سے عید الاضحی کے موقع پر بھی صحت و صفائی کے لئے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں اور کچرا کنڈیوں پر آلائشوں کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔