Sunday, May 12, 2024

حیدر آباد میں سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان کو چھونے لگیں

حیدر آباد میں سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان کو چھونے لگیں
January 23, 2020
حیدر آباد ( 92 نیوز) آٹے کی قیمت میں اضافے کے بعد حیدر آباد میں سبزی فروشوں کی جانب سے سبزیوں کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد سبزیاں بھی اب شہریوں کی پہنچ سے دور ہونے لگی ہیں۔ مہنگائی کا طوفان ہے کہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمت سے پریشان شہریوں کے لئے اب سبزیاں خریدنا بھی مشکل  ہوگیا ہے، حیدر آباد میں سبزی فروشوں نے بھی سبزیوں کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا ہے، لہسن اور ادرک تین سو، ہری مرچ اور مٹر 2 سو روپے فی کلو تک فروخت کئے جارہے ہیں۔ بیگن، لوکی، تورئی، بھنڈی سمیت دیگر سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ اب تو سبزیاں بھی ان کی پہنچ سے دور ہوگئی ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور مہنگائی کے سیلاب کو روکنے کے لئے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کیا جائے۔