Thursday, May 9, 2024

حیدر آباد میں تاحال کئی کئی فٹ بارش کا پانی موجود

حیدر آباد میں تاحال کئی کئی فٹ بارش کا پانی موجود
August 1, 2019
حیدر آباد ( 92 نیوز) حیدر آباد میں تاحال کئی کئی فٹ بارش کا پانی جمع ہو گیا ، انتظامیہ غائب ہوگئی جس سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا لیکن پاک فوج نے ریلیف کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ مون سون  بارشوں کے پہلے اسپیل نے ہی انتظامیہ کے دعووں اور کارکردگی کا پول کھول کے رکھ دیا،سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد  سے تاحال بارش کا پانی نہ نکالا جاسکا،پاک فوج نے ریلیف کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ لطیف آباد،مہرعلی،جناح کالونی،عالم ٹاؤن،پھلیلی،پریٹ آباد ،قاسم آبادسمیت دیگر علاقوں میں  کئی کئی فٹ بارش کا پانی جمع ہو گیا ،انتظامیہ نے شہریوں کو بےیارومددگار چھوڑ دیا جس پر پاک فوج کے جوان امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ شہر کی گلیاں ،بازار تالاب کی شکل اختیار کیے ہوئے ہیں، گندے پانی کے باعث وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ بھی سراٹھانے لگا ہے۔ تین روز گزر جانے کے باوجود حیدرآباد کے متعدد علاقے برساتی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، عالم ٹاؤن لطیف آباد نمبر 11 کے مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مصنوعی کشتیاں بناکر محفوظ مقامات پر منتقلی شروع کردی ہے۔ ضلعی انتظامیہ، بلدیہ اور واسا کی بے بسی اور صورتحال قابو سے باہر ہونے پر پاک فوج حیدرآباد کے شہریوں کی مدد کے لئے آگے آئی اور متاثرہ علاقوں سے پانی نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن شروع کردیا، شہریوں نے بھی پاک فوج کی آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے افواج پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔ لطیف آباد نمبر 2 کے علاقے میں ڈپٹی کمشنر کے پہنچنے پر علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور ڈی سی کا گھیراؤ کرلیا۔ بارش سے متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے بلدیہ، واسا اور ضلعی انتظامیہ کو شہر کی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔