Friday, March 29, 2024

حیدر آباد میں بھی کورونا کیسز میں اضافے کے بعد سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ

حیدر آباد میں بھی کورونا کیسز میں اضافے کے بعد سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ
June 18, 2020

حیدر آباد ( 92 نیوز)  حیدر آباد میں بھی کورونا کیسز میں اضافے کے بعد اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے ،   ڈپٹی کمشنر فواد سومرو نے نوٹیفکیشن  جاری کر دیا ہے ۔  نوٹیفکیشن کے مطابق 19 جون بروز جمعہ صبح 9 بجے سے اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد ہوگا،  حیدرآباد کے سو سے زائد علاقوں ، ٹاونز اور کالونیوں کو سیل کیا جائیگا، 14 دن کے لئے علاقے سیل رہیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مسلم سوسائٹی ، نسیم نگر ، جی او آر کالونی ، گلستان سجاد ، سٹیزن کالونی و دیگر علاقے شامل ہیں ،  اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران بلاجواز نقل و حرکات پر پابندی ہوگی ، کھانے پینے کی اشیاء کی دکانیں صبح سات سے دوپہر دو بجے تک کھلی ہونگی اس کے علاوہ تمام کاروبار بند ہوگا ۔

میڈیکل اسٹورز اور اسپتال کھلے رہیں گے ، ایمبولینس بھی اسٹینڈ بائی پر ہوگی ، تمام علاقوں میں ہوم ڈیلوری کی اجازت ہوگی ، سیل کیے جانے والے علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہوگی ۔

ادھر  ٹنڈو الہ یار  ڈپٹی کمشنر   کی جانب سے عوام اور تاجروں کو 12 بجے تک دی جانے والی مہلت ختم کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ،   پولیس نے شہر  کے داخلی و خارجی راستے سیل کرنا شروع کر دیے ،   شہر کے کیریا شاخ ،  نصیر کینال ،  ٹنڈوآدم  ناکہ ، ڈسکو ہوٹل سمیت دیگر شہر کوجانے والے راستوں کو قناتیں  لگا کر ٹریفک کی آمد رفت کیلئے  بند کیا جارہا ہے ۔

کراچی ، حیدرآباد اور  میرپورخاص سمیت دیگر علاقوں کو جانے والے مسافر بائی پاس کا راستہ اختیار کریں گے  ، ٹنڈوالہ یار مساجد  میں بھی پانچ افراد نماز ادا کریں گے۔