Friday, April 26, 2024

حیدر آباد ، مبینہ مضر صحت چپس کھانے سے بچہ جاں بحق ، ایک بچی کی حالت غیر

حیدر آباد ، مبینہ مضر صحت چپس کھانے سے بچہ جاں بحق ، ایک بچی کی حالت غیر
December 31, 2018
حیدرآباد( 92 نیوز) حیدرآباد میں مبینہ طور پر مضر صحت چپس کھانے سے 4 سالہ جڑواں بہن بھائی کی حالت غیر ہوگئی بچہ اسپتال میں دم توڑ گیا جبکہ  بچی کو نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے نجی فاسٹ فوڈ پوائنٹ کے منیجر سمیت تین ملازمین کو حراست میں لے لیا۔ کراچی کے بعد سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں بھی مبینہ طور پر مضر صحت چپس کھانے سے ایک بچے کی موت واقع ہوگئی۔ کینٹ روڈ پر واقع ایک نجی فاسٹ فوڈ پوائنٹ پر جامشورو کے رہائشی اور تھرمل پاور ہاؤس کے ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالستار ملاح نے گزشتہ روز اپنے دو بچوں کو فنگر چپس کھلائی۔ ستار ملاح کے مطابق بچوں کی گھر پہنچتے ہی حالت غیر ہو گئی جس پر انہیں نجی اسپتال منتقل کیا جہاں ان کا بیٹا عمر ہمایوں ملاح جاں بحق ہوگیا جبکہ بچی کو تشویشناک حالت میں ایک دوسرے نجی اسپتال منتقل کردیا گیاہے۔ پولیس نے فاسٹ فوڈ پوائنٹ کے منیجر سمیت تین ملازمین کو حراست میں لے لیاجبکہ کنٹونمنٹ  بورڈ کے فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے فوڈپوائنٹ کی مختلف اشیاء کے سیمپلز حاصل کرکے ٹیسٹ کے لئے  لیبا رٹری بھجوا دئیے ہیں اور فوڈ پوائنٹ کو سیل کردیا ہے۔ دوسری جانب آئی جی سندھ نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی حیدرآباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔