Thursday, May 9, 2024

حکیم محمد سعید کی آج 21ویں برسی منائی جا رہی ہے

حکیم محمد سعید کی آج 21ویں برسی منائی جا رہی ہے
October 17, 2019
کراچی ( 92 نیوز) پاکستانکے شہرت یافتہ معالج ، سماجی کارکن اور سینکڑوں کتب کے مصنف حکیم محمد سعید کی آج 21  ویں برسی منائی جا رہی ہے ۔ حکیم محمد سعید جیسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں، اُنہوں نے انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنایا  اور آخر دم تک اپنے مقصد سے پیچھے نہ ہٹے ، انسانیت کا درد  رکھنے والی شخصیت کو امن دشمنوں نے 21 سال پہلے آج ہی کے دن شہیدکردیا تھا ۔ دکھی انسانیت کے مسیحا  ، بچوں سے محبت کی مثال پر   ذہن میں صرف حکیم محمد سعید کا نام ہی آتا ہے ،حکیم محمد سعید 9 جنوری 1920 کو نئی دہلی میں پیدا ہوئے ، تقسیم ہند کے بعد  اپنا سب کچھ چھوڑ کر 1948 میں کراچی آئے ۔ حکیم سعید نے بچوں کیلئے ہمدرد نونہال رسالہ شروع کیا جو مقبولیت کے باعث آج تک جاری ہے ، حکیم سعید مذہب اور طِب و حکمت پر 200 سے زائد کتب  کے مصنف بھی ہیں  ، اُن کے قائم کردہ ادارے ہمدرد پاکستان اور ہمدرد یونیورسٹی سے لوگ آج بھی مستفید ہورہے ہیں ۔ حکیم محمد سعید 1993 سے 1996 تک سندھ کے گورنر رہے  ، خدمات کے اعتراف پر ستارہ امتیاز اور نشان امتیاز سے بھی نوازا گیا  ، حکیم سعید 17 اکتوبر 1998 کی صبح آرام باغ میں اپنے دواخانہ پہنچے ہی تھے کہ انسانیت دشمنوں نے فائرنگ کرکے اُنہیں شہید کردیا ۔ حکیم محمد سعید کو ہمدرد یونیورسٹی میں سپرد خاک کیا گیا ہے ۔