Friday, May 17, 2024

 حکومتی پالیسیوں کے مثبت نتائچ برآمد ہورہے ہیں : صدر ممنوں حسین

  حکومتی پالیسیوں کے مثبت نتائچ برآمد ہورہے ہیں : صدر ممنوں حسین
August 4, 2015
اسلام آباد(92نیوز)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت بڑی محنت سے قومی معیشت اور تجارت کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے  اس سلسلے میں حکومت کی پالیسیاں درست سمت میں ہیں اور مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے یہ بات سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو آج ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی۔ صدر مملکت نے کہا کہ بجلی کی پیداوار سمیت دیگر تمام ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے کام میں عوام بھی اپنا حصہ ڈالیں اور اس سلسلے میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہ کریں کیونکہ انہی  منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں اقتصادی سرگرمی جنم لے گی اور ملک کی معیشت مستحکم ہوگی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پورا ملک بدعنوانی کے خلاف متحد ہے اور مجھے یقین ہے کہ اب ملک کے حالات بہتر ہوں گے، انہیں مزید خراب نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ آبی ذخائر کی تعمیر وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اب حکومت بھاشا ڈیم اور داسو ڈیم کی تعمیر سمیت دیگر آبی ذخائر بھی تعمیر کر رہی ہے، ان منصوبوں کی تکمیل کے لیے عوام سیسہ پلائی دیوار بن جائیں ۔ انہوں نے تاجروں اور صنعت کاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی مصنوعات کی برآمدات کے لیے روائتی منڈیوں کے ساتھ ساتھ افریقہ اور وسط ایشیا کے ملکوں پر توجہ مرکوز کریں۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی و دفاع خواجہ محمد آصف نے اس موقع پر کہا کہ آئندہ دو برسوں کے دوران ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے مقابلے میں اب بجلی کی ترسیل کا نظام اضافی ڈھائی ہزار میگا واٹ کا بوجھ برداشت کر سکتا ہے۔ صدر مملکت نے اس موقع پر اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تاجروں اور صنعت کاروں میں کارکردگی ایوارڈ تقسیم کیے۔ mamnoon