Saturday, April 27, 2024

حکومتی ٹیم کے ساتھ مذاکرات کے بعد کسانوں کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان

حکومتی ٹیم کے ساتھ مذاکرات کے بعد کسانوں کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان
November 4, 2020
لاہور (92 نیوز) حکومتی ٹیم کے ساتھ مذاکرات کے بعد کسانوں نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں حکومتی ٹیم سے مذاکرات کے بعد کسان اتحاد کے مرکزی چیئرمین چودھری انور نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا۔ راجہ بشارت نے کہا کہ ہمارے دروازے ہر وقت کھلے ہیں ۔ کسانوں کے جائز مطالبات ضرور مانیں گے۔ اس سے پہلے ٹھوکر نیاز بیگ پر دھرنے کے بعد کسان مال روڈ پر پہنچنے کی کوششیں کرتے رہے۔ پولیس کی نفری اور بکتربند گاڑی مال روڈ پر پہنچائی گئی۔ پولیس نے پنجاب اسمبلی کے سامنے سے کسانوں کی گرفتاریاں بھی کیں۔ پولیس نے دن کے وقت کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ٹھوکر نیاز بیگ پر دھرنے دینے والے کسانوں کو منتشر کر دیا۔ پولیس کی جانب سے آنسو گیس، شیلنگ اور واٹر کنین کا استعمال کیا گیا۔ مظاہرین کی جانب سے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔ متعدد احتجاجی کسان حراست میں لے لئے گئے۔ کسانوں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ کسانوں کو رہا کیا جائے۔ ٹھوکر نیاز بیگ میں دھرنا منتشر ہونے کے بعد احتجاجی کسان منصورہ پہنچ گئے اور وہاں سے مال روڈ کی طرف جانے کا اعلان کیا تھا۔