Thursday, March 28, 2024

حکومتی ٹی او آرز ہمیں منظور نہیں، وزیراعظم اور انکے خاندان کی تحقیقات کی جائیں: سراج الحق

حکومتی ٹی او آرز ہمیں منظور نہیں، وزیراعظم اور انکے خاندان کی تحقیقات کی جائیں: سراج الحق
April 29, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) جماعت اسلامی نے پاناما لیکس کے معاملے میں سب سے پہلے وزیراعظم اور ان کے خاندان کیخلاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ سراج الحق کہتے ہیں کہ ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے سخت قوانین بنائے جائیں۔ احتساب بلاامتیاز ہو، قوم جاننا چاہتی ہے کہ مشرف کے پاس اربوں روپے کے اثاثے کہاں سے آئے۔ لاہور میں امیر جماعت اسلامی نے مجلس شوریٰ کے اجلاس کے فیصلوں پر میڈیا کو بریفنگ دی اور بتایا کہ انہوں نے عدالتی کمیشن کیلئے تیرہ نکاتی ٹی او آر مرتب کئے ہیں جو دو مئی کو اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں پیش کرنے کے علاوہ حکومت کو بھی بھیجے جائیںگے۔ جماعت اسلامی کے تجویز کردہ ٹی او آر کے مطابق عدالتی کمیشن پندرہ دنوں کے اندر وزیراعظم ان کے خاندان اور پانامہ لیکس میں شامل دو سو افراد کے ملک اور ملک سے باہر اثاثوں اور ذرائع آمدن کی تفصیلات طلب کرنے کا اختیار رکھتا ہو۔ کمیشن کو یہ اختیار ہو کہ تمام حکومتی اندرون اور بیرون ملک تحقیقاتی اداروں اور آڈٹ کمپنیوں کا تعاون حاصل کر سکے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عام آدمی سوچ رہا ہے کہ احتساب صرف چھوٹے لوگوں کا ہی کیوں ہو رہا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ طاقتور کا بھی احتساب ہو۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم سمیت پانامہ لیکس میں شامل تمام افراد اپنے آپ کو رضاکارانہ طور پر احتساب کیلئے پیش کریں۔