Saturday, April 20, 2024

حکومتی ناقص پالیسیوں کے باعث کرشنگ سیزن شروع نہیں ہوسکتا،جاوید کیانی

حکومتی ناقص پالیسیوں کے باعث کرشنگ سیزن شروع نہیں ہوسکتا،جاوید کیانی
November 22, 2017

لاہور ( 92 نیوز ) پاکستان شوگر ملز ایسویسی ایشن کے چئیرمین جاوید کیانی نے کہا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث کرشنگ سیزن شروع نہیں ہو سکتا ۔ حکومت کسانوں اور شوگر مل مالکان کے استحصال کی ذمہ دار ہے ۔انہوں نے کہا کہ 30 لاکھ ٹن وافر چینی ملک میں موجودہے جس کو ایکسپورٹ نہیں کیا جا رہا ۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے چئیرمین جاوید کیانی نے کہا کہ کسان ہمارے خلاف احتجاج کر رہے ہیں کہ ہم نے کرشنگ سیزن کا آغاز نہیں کیا 90 فیصد شوگر ملیں کسانوں کی ادائیگیاں کرتی ہیں اگر حکومت نے چینی کی ایکسپورٹ پالیسی نہ دی تو کرشنگ سیزن کا آغاز نہیں ہو سکے گا ۔
شوگر مل ایسوسی ایشن کے چئیرمین کاکہنا تھا کہ ہمارے پاس گنے کی ادایئگی کے پیسے نہیں ہیں اور ملوں کے پاس سرپلس چینی موجود ہے ۔ 30 نومبر تک ادائیگیاں کرنی ہیں ۔ حکومت اس سے پہلے پالیسی واضح کرے۔
شوگر ملز ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ اس وقت بھی 9ملز دیوالیہ اور 4 بند ہو چکی ہیں ۔ اگر پالیسی نہ آئی تو 30 نومبر کو کرشنگ نہیں ہو گی اور پھر کسان اور ملز مالکان دونوں سڑکوں پرآنے پر مجبور ہوں گے ۔