Friday, March 29, 2024

حکومتی شاہ خرچیاں، وزیراعظم کے طیارے کا ایندھن تیرہ کروڑ، تحائف ایک کروڑ روپے، وزیراعظم ہاؤس میں ریفریشمنٹ کا بل پچیس کروڑ

حکومتی شاہ خرچیاں، وزیراعظم کے طیارے کا ایندھن تیرہ کروڑ، تحائف ایک کروڑ روپے، وزیراعظم ہاؤس میں ریفریشمنٹ کا بل پچیس کروڑ
June 6, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) گزشتہ ایک سال کے دوران بھی حکومتی اخراجات میں کمی نہ آئی جس سے قومی خزانے کو اربو ں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کے خصوصی طیارے میں تیرہ کروڑ انتالیس لاکھ روپے کا ایندھن خرچ کیا گیا۔ وزیراعظم آفس نے ایک کروڑ روپے کے تحائف تقسیم کر دئیے جبکہ وزیراعظم ہاوس کی ریفریشمنٹ کا بل پچیس لاکھ روپے بن گیا۔ بجٹ دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ ایوان صدر کے لیے سینتیس کروڑ روپے کے سیکیورٹی اخراجات کیے گئے جبکہ وفاقی حکومت نے پندرہ کروڑ روپے مالیت کی دس بلٹ پروف لینڈ کروزرز خریدیں جبکہ پارلیمانی سیکریٹریٹرز کے لیے تین کروڑ ساٹھ لاکھ روپے مالیت کی بیس گاڑیاں خریدیں۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق حکومت نے ستلج کاٹن ملز کا ساٹھ لاکھ کا قرضہ ادا کیا۔ وفاقی حکومت نے ریکوری کے بعد حصہ کے طور پر اکتالیس کروڑ روپے نیب کو دیئے۔ بجٹ دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عمران خان کے دھرنے پر وفاقی حکومت کے انسٹھ کروڑ چون لاکھ روپے خرچ ہوئے جبکہ پرویز مشرف کیس پر حکومت نے دو کروڑ پچیس لاکھ خرچ کر ڈالے۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق پشاور موڑ میٹرو بس ڈپو کی تعمیر کے لئے وفاقی حکومت نے اڑسٹھ کروڑ چورانوے کروڑ روپے جاری کئے جبکہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات پر سینتالیس کروڑ خرچ کیے گئے۔